شہروں کے مضافات میں زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی

فیصل آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ شہروں کے مضافات میں زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ زرعی زمین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی ورکشاپ برائے پیری اربن لینڈ اور غذائی تحفظ سے بطور …

فیصل آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ شہروں کے مضافات میں زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ زرعی زمین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی ورکشاپ برائے پیری اربن لینڈ اور غذائی تحفظ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ ورکشاپ کا انعقاد پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، الائنس آف انٹرنیشنل سائنس آرگنائزیشن اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی زمینوں کو سکنی مقصد کیلئے استعمال کرنا قابل تشویش ہے جس سے زراعت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ زرخیز زرعی زمینوں کو رہائشی کالونیوں میں تبدیل کیے جانے کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں بہترین تحقیقاتی عمل جاری ہے جوکہ ملک میں سبز انقلاب ثانی کی بنیاد فراہم کرے گا۔ اس موقع پر آسٹریلیا سے ڈاکٹر عظیم خاں نے کہا کہ زراعت کو کم ہوتی ہوئی زرخیزی ، موسمیاتی تبدیلیاں اور دیگر وجوہات کی بنا پر چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر آصف کامران نے کہا کہ شہروں کے ساتھ مضافاتی زمین کو زراعت کیلئے استعمال کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی چوبیس کروڈ افراد سے تجاوز کر گئی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ زرعی زمین میں کمی واقع ہو رہی ہے جس کیلئے غذائی استحکام ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شین یانگ یونیورسٹی سے ڈاکٹر غفار علی نے کہا کہ جدید طریقہ کاشت کو اپنا کر ہی غذائی خود کفالت کی منازل طے کی جائیں گی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر انجم منیر اور ڈاکٹر عمران ارشد نے بھی خطاب کیا۔