شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا انسدادِ پولیو مشن آج بھی پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی جدوجہد میں مشعلِ راہ ہے ،ایم این اے شازیہ مری کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا انسدادِ پولیو مشن آج بھی پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی جدوجہد میں مشعلِ راہ ہے ،ایم این اے شازیہ مری کا انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز(پی پی پی پی)کی مرکزی ترجمان و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے انسدادِ پولیو کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1994 میں پاکستان کی پہلی ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو پولیو کے قطرے پلا کر بچوں کے تحفظ کے لیے عملی مثال قائم کی،شہید محترمہ کا انسدادِ پولیو مشن آج بھی پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی جدوجہد میں مشعلِ راہ ہے۔
پی پی پی پی کے میڈیا سیل سے جاری پیغام میں شازیہ مری نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری پولیو کے خاتمے کے قومی عزم کو آگے بڑھا رہے ہیں ،آصفہ بھٹو زرداری اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے انسدادِ پولیو مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستان کا ہر بچہ صحت مند اور پولیو سے محفوظ زندگی گزارے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے عوامی خدمت کے مشن کے تحت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے،پولیو سے پاک پاکستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے شروع کیے گئے سفر کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہماری قومی ذمہ داری ہے، والدین ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ پولیو ورکرز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، ہر بچے تک ویکسین پہنچانے کے لیے ان کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔








