کراچی سے پشاور آنے والے رحمان بابا ایکسپریس ملتان میں شیر شاہ کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی جس کے نیتجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے
شیر شاہ کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، 2 افراد جاں بحق

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):کراچی سے پشاور آنے والے رحمان بابا ایکسپریس ملتان میں شیر شاہ کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی جس کے نیتجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کو بھجوائی گئی حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کے قریب شیر شاہ کے مقام پر خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں اچانک ٹریک سے اتر گئیں، جس کے بعد ریلوے آپریشن شدید متاثر ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور ریلوے حکام کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ریسکیو اہلکار بوگیوں میں پھنسے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں جبکہ شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ریلوے ٹریک کو کلیئر کرانے کے لیے ملتان سے ریلیف ٹرین جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہے اور ٹریک بحال کرنے کا کام جاری ہے۔







