صارفین اپنے موبائل فونز کی قانونی حیثیت، ایف بی آر کے مقرر کردہ ٹیکسز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں ، پی ٹی اے
صارفین اپنے موبائل فونز کی قانونی حیثیت، ایف بی آر کے مقرر کردہ ٹیکسز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں ، پی ٹی اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل فون صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے موبائل فونز کی قانونی حیثیت کو یقینی بنانے اور پی ٹی اے سے منظوری حاصل کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے مقرر کردہ ٹیکسز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی بندش سے بچا جا سکے۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق فراڈ، سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مؤثر روک تھام کے لیے ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہے، جس کے تحت غیر تصدیق شدہ اور غیر رجسٹرڈ آئی ایم ای آئی کی حامل تمام ڈیوائسز فوری طور پر بلاک کر دی جاتی ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ صارفین ہمیشہ پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل فون ہی خریدیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ خریدی جانے والی ڈیوائس باقاعدہ رجسٹرڈ ہے۔پی ٹی اے نے صارفین کے لیے رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل فون خریدتے وقت فون کے ڈبے پر درج اور اندرونی نظام میں موجود آئی ایم ای آئی اور ماڈل کو آپس میں ضرور میچ کریں۔ کسی بھی موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر جاننے کے لیے فون کے ڈائلر سے *#06# ڈائل کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ہر آئی ایم ای آئی کے ماڈل اور تصدیق کی تفصیلات ڈیوائس ویریفکیشن سسٹم یا 8484 پر ایس ایم ایس بھیج کر باآسانی حاصل کی جا سکتی ہیں۔اتھارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ کلون یا ڈپلیکیٹ ڈیوائسز سے ہوشیار رہا جائے اور خریداری کے وقت پی ٹی اے کی سی ایم ایس موبائل ایپ سے موصول ہونے والی معلومات کو اصل ڈیوائس کی تصریحات سے لازمی ملایا جائے۔
ترجمان پی ٹی اے نے سخت تنبیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا ایکٹ 2016) کے تحت کسی بھی کمیونیکیشن ڈیوائس کو غیر قانونی طور پر ری پروگرام کرنا یا اس کے آئی ایم ای آئی میں ٹیمپرنگ کرنا ایک سنگین اور قابلِ سزا جرم ہے، جس پر مرتکب افراد کو 3 سال تک قید، 10 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق موبائل فون بلاک ہونے یا رجسٹریشن سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں صارفین پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، ٹول فری نمبر 080055055 یا اتھارٹی کی باضابطہ ویب سائٹ (pta.gov.pk) کے ذریعے رجوع کر سکتے ہیں۔








