صدرمملکت آصف علی زرداری کی سعودی قیادت اور عوام کو 96ویں قومی دن پر مبارکباد
صدرمملکت آصف علی زرداری کی سعودی قیادت اور عوام کو 96ویں قومی دن پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کو مملکت کے 96ویں قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط سے پاکستان اور سعودی عرب کی دیرینہ شراکت داری کی تزویراتی جہت کو مزید تقویت ملی ہے۔ صدارتی سیکرٹریٹ کےمیڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے نام اپنے تہنیتی خطوط میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عقیدے، مشترکہ تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں برادر ممالک اپنے قریبی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو ٹھوس تعاون اور دوطرفہ ، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت سے عبارت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار کے حامل ہیں۔صدر آصف زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات دونوں ممالک اور عوام کے باہمی مفاد میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔ولی عہد اور وزیراعظم کے نام اپنے خط میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ وہ جلد اور مناسب تاریخ پر پاکستان میں ان کا خیرمقدم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔







