صدرِ مملکت آصف علی زرداری جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن روانہ

صدرِ مملکت آصف علی زرداری جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن کے لیے روانہ ہو گئے، انہوں نے یہ دورہ جرمن صدر کی خصوصی دعوت پر کیا

برلن، جرمنی۔24اکتوبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن کے لیے روانہ ہو گئے، انہوں نے یہ دورہ جرمن صدر کی خصوصی دعوت پر کیا ۔برلن ایئرپورٹ پر اعلیٰ جرمن حکام اور پاکستان کےسفیرنے صدر مملکت کو الوداع کیا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا دو دہائیوں سے زائد عرصے کے تعطل کے بعد جرمنی کا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔صدرِ مملکت کا تاریخی دورہ جرمنی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور جرمن صدر کی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی اور روابط کو مزید فروغ دینے کی راہیں ہموار ہوں گی۔ جرمنی کی اعلیٰ قیادت کی پرتپاک میزبانی اور صدرِ مملکت کا کامیاب دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا عکاس ہے

مزید خبریں