صدرِ مملکت آصف علی زرداری وفاقِ پاکستان کی علامت ہیں، ان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ زبان قابلِ مذمت ہے،محمد ہمایوں خان

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری وفاقِ پاکستان کی علامت ہیں، ان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ زبان قابلِ مذمت ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محمد ہمایوں خان نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو قومی اداروں اور وفاق کی ساکھ کو …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری وفاقِ پاکستان کی علامت ہیں، ان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ زبان قابلِ مذمت ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محمد ہمایوں خان نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو قومی اداروں اور وفاق کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ پاکستان کی وحدت کسی سیاسی جماعت یا حکومت کے مفاد سے بالاتر قومی ذمہ داری ہے۔

بنگلہ دیش جیسے تاریخی سانحات کو سیاسی دھمکی کے طور پر استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ وفاق کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سیاسی بالغ نظری نہیں بلکہ قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔ خیبر پختونخوا کے باشعور عوام کو سیاسی انتشار نہیں، امن، ترقی اور آئینی استحکام چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان مل کر پاکستان کی مضبوط وفاقی اکائی تشکیل دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین، جمہوریت، وفاق اور قومی یکجہتی کے تحفظ کی جدوجہد کی ہے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ سیاسی ناکامیوں کا ملبہ قومی وحدت اور ریاستی اداروں پر ڈالنے کی روش ترک کرنا ہوگی۔

اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، مگر وفاق کو کمزور کرنے والی زبان کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے عوام محبِ وطن ہیں، انہیں سیاسی مفادات کے لیے تقسیم یا اشتعال کی سیاست کا حصہ نہ بنایا جائے۔ ملک کو دھمکیوں اور تصادم کی نہیں، سنجیدہ سیاسی مکالمے، آئین کی بالادستی اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے، اسے سیاسی مصلحتوں کے لیے متنازع بنانے کی کوشش ناکام ہوگی۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ جو سیاست پاکستان کے وفاق کو مضبوط کرنے کے بجائے تقسیم کا تاثر دے، وہ قومی مفاد کی نمائندہ نہیں ہو سکتی۔ تمام سیاسی قوتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، نفرت اور تقسیم کے بجائے پاکستان کے استحکام کو مقدم رکھیں۔