اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سفارتی کامیابی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے مثبت کردار کا مظہر قرار دیا ہے
صدر آئی سی سی آئی کا امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کا خیرمقدم

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سفارتی کامیابی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے مثبت کردار کا مظہر قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد معاہدے کی کامیاب تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان آج عالمی برادری میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لئے ایک ذمہ دار، بااعتماد اور مؤثر ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مفاہمت کی راہ ہموار کرنے سے دنیا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں اور قائدانہ کردار پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔سردار طاہر محمود نے اس تاریخی کامیابی پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت، دانشمندانہ حکمتِ عملی اور مربوط کاوشوں نے پاکستان کو عالمی امن کے فروغ اور تعمیری سفارتکاری میں نمایاں مقام دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کے بلا تعطل جاری رہنے سے عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی و سیاسی خطرات میں کمی کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوگا اور کاروباری و سرمایہ کاری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔صدر آئی سی سی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام اور کاروباری طبقے تک منتقل کئے جائیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو امریکہ-ایران تنازعہ سے قبل کی سطح پر واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا، ٹرانسپورٹ اور پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ملکی صنعت و تجارت کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔سردار طاہر محمود نے مزید کہا کہ امن اور استحکام پائیدار معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں۔ اسلام آباد معاہدہ خطے میں تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لئے نئی راہیں کھولے گا اور اقتصادی خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس کامیاب سفارتی کاوش نے عالمی سطح پر ملک کے وقار اور ساکھ میں مزید اضافہ کیا ہے اور پاکستان کے تشخص کو امن، مکالمے اور باہمی احترام کے داعی ملک کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام، اعتماد سازی اور مشترکہ ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔








