صدر عارف علوی نے مرکزی نظامت برائے قومی بچت کی جانب سے شرح ِمنافع میں ماضی کی نسبت کمی بدانتظامی قرار دے دی

President Dr. Arif Alvi
President Dr. Arif Alvi

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مرکزی نظامت برائے قومی بچت کی جانب سے شرح ِمنافع میں ماضی کی نسبت کمی بدانتظامی قرار دیتے ہوئے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف خاتون شہری کی درخواست منظور کر لی۔

ایوان صدر میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے قومی بچت کو اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس پر خریداری کے وقت کی شرح ِ منافع کے حساب سے شہری کو منافع ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی بچت نے منافع کی شرح میں مؤثر بہ ماضی کمی کر کے بدانتظامی کی،صرف پارلیمنٹ/قانون ساز ادارے قانون کو منظور ہونے سے پہلے کی تاریخ سے نافذکر سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ قانون کے برعکس منافع کی شرح میں نظرثانی سے شہری کو 53 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔خاتون شہری نے قومی بچت سے پانچ سرٹیفکیٹس 12.7فیصد،چھٹا سرٹیفکیٹ 13.9فیصد منافع کی شرح سے خریدا،چار دن بعد فنانس ڈویژن نے منافع کی شرح کو نافذ بہ ماضی کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،شہری سرٹیفکیٹ کے اجراء کے وقت کی شرح منافع کے مطابق منافع کی حقدار ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ شرح ِمنافع میں تبدیلی کا اطلاق نوٹیفکیشن سے پہلے کی گئی سرمایہ کاری پر نہیں ہوتا ،جاری کردہ نوٹیفکیشن ماتحت یا تفویض شدہ قانون سازی کے زمرے میں آتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوٹیفیکیشن کا اطلاق سرکاری گزٹ میں تاریخ ِ اشاعت سے ہوتا ہے نہ کہ پہلے کی تاریخ سے،حکومت قانون کی طرف سے مجاز نہ ہو تو نافذ بہ ماضی حکم جاری کرنے کا اختیار نہیں رکھتی،کوئی بھی حکم سرکاری گزٹ میں اس کی اشاعت کی تاریخ سے نافذ ہوتا ہے،حکومت کیلئے اپنے عہد سے پیچھے ہٹنا مناسب نہیں ،ایفائے عہد نہ کرنے سے حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد ختم ہو سکتا ہے،حکومتی اداروں کا اپنے پیمان سے وفا نہ کرنا حکومتی ساکھ پر منفی اثر ڈالتا ہے،موجودہ قانون طے شدہ قانونی اصولوں اور سورہ المائدہ کی پہلی آیت کے مطابق قرآنی احکامات پر مبنی ہے ،معاہدوں کو پورا کرنا منطقی اور منصفانہ ہے بلکہ عالمی طور پر قبول شدہ اصول ہے،

دونوں فریق سرٹیفکیٹس کے اجراء کے وقت کیے گئے معاہدے کے پابند ہیں ، صدر مملکت نے کہا کہ سرٹیفکیٹس پر 12.7فیصد اور 13.9فیصد کی شرح کے حساب سے وعدے کے مطابق منافع ادا کیا جائے ۔شہری نے منافع کی مروجہ شرح دیکھتے ہوئے قومی بچت سے سرٹیفیکیٹ خریدے،خزانہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن نے چار دن پہلے سے نافذ بہ ماضی منافع کی شرح کو کم کردیا،شہری نے اپنی شکایت کے ازالے کے لیے قومی بچت اور بعد میں وفاقی محتسب سے رابطہ کیا۔ریلیف نہ ملنے پر شہری نے صدر مملکت کو درخواست دائر کی، جسے منظور کر لیا گیا۔