صدر فیصل آباد چیمبر فاروق یوسف شیخ کا غیر ملکی ترسیلات زر میں 13فیصد اضافہ پر اطمینان کا اظہار

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے غیر ملکی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ سالانہ بنیادوں پر 13فیصد اضافہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مزید مراعات اور سہولتیں مہیا کرے گی

فیصل آباد۔ 11 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے غیر ملکی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ سالانہ بنیادوں پر 13فیصد اضافہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مزید مراعات اور سہولتیں مہیا کرے گی۔ سٹیٹ بینک کے ڈیٹا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ترسیلات زر میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے تاہم درآمدی اور برآمدی خسارے پر قابو پانے کیلئے حکومت کو برآمدات بڑھانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں بزنس کمیونٹی پہلے ہی حکومت سے بھر پور تعاون کا اعلان کر چکی ہے لہٰذا برآمدی اہداف کو حاصل کرنے کیلئے حکومت کو پیداواری لاگت اور خاص طور پر بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کا اعلان کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے طویل المدتی اور پائیدار پالیسیاں ناگزیر ہیں اور حکومت کو وقتی فائدوں کے برعکس پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ برآمد کنندگان یکسوئی سے برآمدات بڑھانے پر توجہ دے سکیں۔

 

مزید خبریں