صدر مملکت آصف علی زرداری کا سعودی پاکستان رئیل اسٹیٹ ایکسپو کا دورہ، پاکستان سعودی عرب تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری ، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری میں اضافے اور باہمی مفاد کے کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دے کر ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری میں اضافے اور باہمی مفاد کے کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دے کر ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لاہور کے لیک سٹی میں سعودی پاکستان رئیل اسٹیٹ ایکسپو (سپریکس) کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں انہیں ایکسپو میں شریک کمپنیوں، ان کے منصوبوں اور پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور لیک سٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سعودی پاکستان بزنس کونسل کے رکن ڈاکٹر گوہر اعجاز نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ایکسپو میں سعودی عرب کی نمایاں رئیل اسٹیٹ اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے پویلین قائم کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور کونسل کے نائب چیئرمین عبدالعزیز الاشرفی بھی شریک تھے۔ایکسپو میں شرکت کرنے والی سعودی کمپنیوں میں صفا انویسٹمنٹ، نالج اکنامک سٹی، سمو انویسٹمنٹ، المجیدیہ، اولو رئیل اسٹیٹ، الدیار العربیہ، بن دائود انویسٹمنٹ اور انٹرنیشنل گیٹ انویسٹمنٹ شامل ہیں۔یہ کمپنیاں پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ سعودی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنے منصوبے بھی پیش کر رہی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری میں اضافے اور باہمی مفاد کے کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور تزویراتی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

صدر مملکت نے پاکستانی اور سعودی کاروباری برادریوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے منتظمین کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں مدد دے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں سعودی عرب کے نمایاں کاروباری اور سرمایہ کاری گروپوں کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات کو ظاہر کرتی ہے، سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ترقی کے ایک نئے مرحلے کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔صدر مملکت نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے معاون اور سرمایہ کار دوست ماحول کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے فضائی عملے کی نئی یونیفارمز بھی نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔

مزید خبریں