صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان-ترکیہ تجارت میں توسیع، اقتصادی اور سٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے پر زور
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان-ترکیہ تجارت میں توسیع، اقتصادی اور سٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 5 ارب ڈالر کی باہمی طور پر طے شدہ دوطرفہ تجارت کے ہدف کو حاصل کرنے، سرمایہ کاری کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کی ترکیہ میں نامزد سفیر آمنہ بلوچ سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے انہیں نئی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سیکرٹری خارجہ کے طور پر ان کی کامیاب مدت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار، ثقافتی رشتوں اور امن و خوشحالی کی باہمی خواہشات پر استوار ہیں۔انہوں نے توانائی، زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی، شپ بریکنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی صنعتوں اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کے درمیان قریبی تعاون، عوامی سطح پر تبادلوں میں اضافے اور ثقافتی تعلقات اور سیاحت کے فروغ کی بھی بات کی جس میں ترکیہ کی اس شعبے میں مہارت سے فائدہ اٹھانا بھی شامل ہے۔
صدر مملکت نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ ترکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، طلبہ اور کاروباری افراد کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر موثر قونصلر رسائی اور بروقت معاونت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے انسانی سمگلنگ کے خلاف موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے پاکستانی اور ترک اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے ان سے کہا کہ وہ اپنی اسناد پیش کرتے وقت صدر رجب طیب اردووان کو ان کی نیک تمنائوں کا پیغام پہنچائیں ۔ صدر مملکت نے نئی ذمہ داری میں ان کی کامیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔







