صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران نائب صوبیدار ہدایت امان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انہیں وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔صدر مملکت نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا اور شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ نائب صوبیدار ہدایت امان نے جرات و بہادری کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے وطن کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کردی ۔صدر مملکت نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 12 خوارج اور افغان طالبان کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی دہشت گرد عناصر کی سرپرستی اور معاونت علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے،پاکستانی ریاست کی تحمل، احتیاط اور ذمہ دارانہ رویے کو اگر غیر قانونی اور غیر نمائندہ افغان طالبان حکومت ہماری کمزوری سمجھتی ہے تو یہ اس کی سنگین حماقت ہے،پاکستان نہ صرف ان در اندازی کرنے والے دہشتگردوں کو جہنم واصل کر سکتا ہے بلکہ ان کے سرپرستوں کو بھی نیست و نابود کر سکتا ہے،بہتر ہے کہ یہ ٹولہ اپنی پالیسیوں پر اپنے ہی مفاد میں نظر ثانی کرے







