صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سوئٹزر لینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد آزادانہ تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے سے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں بہتر اور تیز رفتار تعاون کا باضابطہ فریم ورک میسر ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سوئٹزر لینڈ کے سکبدوش ہونے والے سفیر بینیڈکٹ ڈی سرجٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور شدت پسندی کا سنجیدگی سے نوٹس لے، عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کو ڈرانے دھمکانے اور اسلاموفوبیا سے جڑے تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے بامعنی اقدامات کرے۔ صدر نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے سے آنے والے پناہ گزینوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کیا جانا چاہیے، پناہ گزینوں کو رنگ، نسل، مذہب یا علاقے کے امتیاز کے بغیر سہولیات اور پناہ دی جانی چاہیے۔

صدر مملکت اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری تنازعات کے شکار ممالک میں کشیدگی اور بدامنی کو کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے، کشیدگی کے شکار ممالک میں امن کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جائیں تاکہ ان کی آبادی کو پناہ گزین بننے سے روکا جاسکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی لانے سے میزبان ممالک پر بوجھ کم ہوگا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ سبکدوش ہونے والے سفیر دونوں ممالک کے درمیان سیاحت سے متعلق تعاون کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے کام کریں گے، پاکستان معیشت اور تجارت میں سوئٹزرلینڈ کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سوئٹزرلینڈ کے کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کے لیے سفیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان میں فوڈ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکل، کیمیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں چھٹا بڑا سرمایہ کار ہے۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو پاکستان میں کامیاب مدت مکمل کرنے پر مبارک پیش کی۔