صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کا ٹیلی فون، پاک یوکرین سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کا ٹیلی فون، پاک یوکرین سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے بدھ کو ٹیلی فون کیا، دونوں صدور نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق پاکستان اور یوکرین کے صدور نے روس۔ یوکرین جنگ کے تناظر میں ترقی پذیر دنیا کو درپیش توانائی اور خوراک کے مسائل پر بھی گفتگو کی۔ دونوں ملکوں کے صدور نے پاکستان اور یوکرین کے باہمی فائدے کیلئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر زیلنسکی نے اپنے دس نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے یوکرین روس تنازعہ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت طلب کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ روس۔یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ِ پاکستان کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوکرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔