صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہِز ہائی نیس آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کی امامت کے 65 سال مکمل ہونے پر مبارکباد

صدر مملکت

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہِز ہائی نیس آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کی امامت کے 65 سال مکمل ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اسماعیلی کمیونٹی کے رہنما آغا خان کے نام خط میں کہا کہ آپ کی دور اندیش قیادت میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے.

انہوں نے کہا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے شعبے میں بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں اور پاکستانی عوام کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے آپ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو لوگوں کی مزید خدمت کرنے کا حوصلہ اور توفیق دے۔