صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کراچی کے تین چینی اساتذہ کو تمغہ امتیاز بعد از وفات عطا کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تین چینی اساتذہ کو تمغہ امتیاز بعد از وفات عطا کرنے کی منظوری دےدی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کراچی کے ہوانگ گوئی پِنگ ، تِنگ موفانگ اور چھن سائی کو تمغہ امتیاز بعد وفات عطا کیا گیا ہے۔ تینوں اساتذہ 26 اپریل کو کراچی دہشت گرد حملے میں مارے گئے تھے۔

اعزاز پاک چین دوستی مستحکم کرنے اور تعلیم و ثقافت کے شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ اعزازات آئین کے آرٹیکل 259 اور اعزازات ایکٹ 1975 کے تحت عطا کیے گئے ہیں۔