نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) کے باہمی اشتراک سے گوٹھ ماچھی، رحیم یار خان میں صنعتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیتوں کو پرکھنے کے لیے مشترکہ فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
صنعتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، این ڈی ایم اے اور ایف ایف سی کے اشتراک سے گوٹھ ماچھی میں مشترکہ فرضی مشقیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) کے باہمی اشتراک سے گوٹھ ماچھی، رحیم یار خان میں صنعتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیتوں کو پرکھنے کے لیے مشترکہ فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔مشقوں کا بنیادی مقصد صنعتی شعبے میں کسی بھی غیر متوقع ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے، متعلقہ اداروں کی عملی تیاری، باہمی رابطہ کاری اور رسپانس طریقہ کار کا جامع جائزہ لے کر اسے مزید مربوط و فعال بنانا تھا۔
اس عملی مشق کے دوران ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے)، این ڈی ایم اے، ایف ایف سی، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس، سول ڈیفنس، سکیورٹی ڈویژن، محکمہ صنعت پنجاب اور مقامی صنعت کے نمائندوں و ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔ تمام اداروں نے مشترکہ طور پر فرضی بحرانی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیوں اور انخلا کے مراحل انجام دیئے۔
مشقوں کے دوران ہنگامی حالات میں درپیش آنے والے ممکنہ آپریشنل خلا ، باہمی مواصلاتی رابطوں اور مختلف اداروں کے مابین عملی تال میل کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تاکہ صنعتی حادثات کی صورت میں ضلعی، صوبائی اور صنعتی سطح پر ایک مضبوط اور جامع رسپانس فریم ورک یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں آفات سے نمٹنے، خطرات کے بر وقت تدارک اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے کے لیے ایسی مشقوں اور مربوط اقدامات کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔







