گورنر خیبرپختونخوا کا اسمبلی ارکان کی مراعات میں اضافے پر تنقید، عوامی مسائل کو ترجیح دینے پر زور
صوبائی اسمبلی میں اپنی مراعات بڑھانے والے حقیقی عوامی نمائندے نہیں ، گورنر خیبر پختونخوا

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں اپنی مراعات بڑھانے والے حقیقی عوامی نمائندے نہیں ،صوبہ میں عوام ابتر صورتحال سے دوچار ہیں اور اسمبلی ممبران اپنی مراعات کے چکر میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جوان زخہ خیل قومی اتحاد ضلع خیبر کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔وفد نے صدر زمان آفریدی ، سماجی سیاسی شخصیت حاجی نورزادہ آفریدی کی قیادت میں گورنر ہاؤس پشاور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر نے کہا کہ نوجوان سیاسی شعور کو عوام کی حقیقی خدمت کے جذبہ سے ہم آہنگ کرکے جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پندرہ سالوں سے صوبہ میں اقتدار کے مزے لینے والوں نے صوبہ کو تعلیم ، صحت ، مواصلات سمیت ہر شعبہ میں نظر انداز کیا ، صوبہ میں ایک بھی عوام کے مفاد یا صوبہ کی ترقی کا میگا پراجیکٹ صوبائی حکومت کے کریڈٹ پر نہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقیقی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے مسائل کے حل میں عملا متحرک ہے ، عوام آنے والے الیکشن میں صوبہ کو تباہی سے دوچار کرنے والوں کا احتساب کریں ۔ انہوں نے علاقہ میں بچیوں کی تعلیم کے لئے سہولیات کے فقدان پر بھی شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا اور مسائل کے حل میں انہیں اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔








