صوبائی دارالحکومت لاہور کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا موثر مرکز بنا کر کاروباری اعتماد اور مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ کیا جائے گا،خادم حسین چوہدری

صوبائی دارالحکومت لاہور کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا موثر مرکز بنا کر کاروباری اعتماد اور مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ کیا جائے گا،خادم حسین چوہدری

لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر خادم حسین چوہدری نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا موثر مرکز بنا کر کاروباری اعتماد اور مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ کیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ واضح نظر آئے گا کہ لاہور ملک کا اہم تجارتی و صنعتی مرکز اور یہاں معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل بلاامتیاز حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے،کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور حکومتی فورمز تک موثر انداز میں آواز پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کے قیام کے لیے صنعتکاروں اور تاجروں کی تجاویز کو اہمیت دینا ضروری ہے، توانائی کے اخراجات، ٹیکسوں کے نظام، کاروباری سہولتوں اور پالیسیوں میں تسلسل جیسے معاملات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کیے بغیر معاشی سرگرمیوں میں پائیدار اضافہ ممکن نہیں، لاہور چیمبر کاروباری برادری اور متعلقہ حکام کے درمیان رابطے کو مزید موثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر دستیاب فورم پر بھرپور نمائندگی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صدر لاہور چیمبر حسام علی اصغر نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے بغیر کسی تاخیر کے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں جن کے نتائج بھی سامنے آئیں گے۔

مزید خبریں