صوبائی وزیرمنشا اللہ بٹ نے موبائل ایپ ’’کپاس کی پکار ‘‘ کا افتتاح کر دیا

صوبائی وزیرمنشا اللہ بٹ نے موبائل ایپ ’’کپاس کی پکار ‘‘ کا افتتاح کر دیا

لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل محمد منشا اللہ بٹ نے کپاس کے کھیتوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور کسانوں کے لیے تیار کردہ منفرد موبائل ایپ ’’کپاس کی پکار ‘‘کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔’’کپاس کی پکار‘‘ بالخصوص کپاس پیدا کرنے والے علاقوں کے زرعی محنت کشوں اور کسانوں کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی ڈیجیٹل ایپ ہے جس کے ذریعے محنت کش کھیت مالکان، حالاتِ کار اور ضلعی اداروں سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات درج کرا سکیں گے۔

ایپ بالخصوص دور دراز علاقوں کے مزدوروں اور خواتین محنت کشوں کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محنت کشوں کو بااختیار بنانا اور ان کے مسائل کے بروقت حل کے لیے موثر نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، حکومت محنت کشوں کے حقوق، سہولیات، باعزت روزگار اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس اہم اقدام پر پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن، متعلقہ ٹریڈ یونینز، مزدور نمائندگان اور منصوبے سے وابستہ پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی پکار مزدوروں، ٹریڈ یونینز اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور محنت کشوں کی شکایات کے موثر حل میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

مزید خبریں