لاہور۔15فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کے دوران چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے حوالہ سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر طبی ماہرین کی مختلف تجاویز، پروسیجر کے ریٹس و دیگر اہم امور کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں لیور، کڈنی اور بون میرو ٹرانسپلانٹس پر سیر حاصل گفتگو رہی ہے اورچیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت مریضوں کو علاج و معالجہ کی بالکل مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کروانے والے مریضوں کو سرجری کے بعد ایک سال تک امیونوتھریپی کی سہولت بھی مفت فراہمی کی جائے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام، چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام اور چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام حکومت پنجاب کے صحت کے شعبہ میں فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے پورے نظام کو انتہائی شفاف بنایا گیا ہے۔ وزیر صحت نے کہاکہ حکومت پنجاب نے ٹرانسپلانٹ کروانے والے اور علاج کا خرچہ برداشت نہ کرنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ہی یہ پروگرام شروع کیا ہے۔چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اس پروگرام کے تحت مختلف ہسپتالوں کو ام پینل بھی کیا جا رہا ہے۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہر منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پی کے ایل آئی پروفیسر سعید اختر، ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر فیصل سعود ڈار، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل امیر، پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم و دیگر افسران نے شرکت کی۔