صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت کا سیکرٹری لائیوسٹاک کے ہمراہ مظفرگڑھ میں واقع سائمنز ایگری فارم کا دورہ
صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت کا سیکرٹری لائیوسٹاک کے ہمراہ مظفرگڑھ میں واقع سائمنز ایگری فارم کا دورہ

مزید خبریں
لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ کے ہمراہ مظفرگڑھ میں واقع سائمنز ایگری فارم کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب منہ کھر کی بیماری پر قابو پانے کیلئے ایف ایم ڈی ڈیزیز کنٹرول کمپارٹمنٹس متعارف کروا رہی ہے اور سائمنزگروپ کے فارم کوایف ایم ڈی ڈیزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ کے طور پر رجسٹر کرنا بیماریوں کے کنٹرول اور لائیوسٹاک کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اس کمپارٹمنٹ کے تحت جانوروں کی ویکسینیشن اور رجسٹریشن کا عمل جاری ہے،اب تک 3000جانوروں کو PAITS پر رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جبکہ باقی جانوروں کی بھی ویکسینیشن اور رجسٹریشن جلد مکمل کر لی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑکے علاوہ ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) ڈاکٹر سجاد حسین اور ڈائریکٹر جنرل (توسیع) ڈاکٹر سید ندیم بدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر لائیوسٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ کا علاقہ دریائے چناب اور دریائے سندھ کے درمیان واقع ہونے کے باعث ’’ایف ایم ڈی فری زون‘‘ کے لیے انتہائی موزوں ہے۔محکمے کے کنسلٹنٹس اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور مثبت رپورٹ کی صورت میں اسے ایف ایم ڈی فری زون قرار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر جدید ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت نے اعلی جینیاتی (براہمن نسل) کے سیمن کی فراہمی اور جانوروں کو فربہ کرنے کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی جیسے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب کی بیوائوں اور مستحق خواتین کی معاشی خود مختاری کیلئے مفت گائے اور بھینسوں کی فراہمی اور مویشی پال خواتین و حضرات کو ان کی دہلیز پر جدید ویٹرنری سہولیات بہم پہنچانے کیلئے حکومت پنجاب کوشاں ہے۔
صوبے بھر میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز،موبائل ویٹرنری لیبارٹریز، موبائل ایکسرے یونٹس اور ضلع کی سطح پر جدید آپریشن تھیٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کو بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے جانوروں کوQR کوڈ ٹیگنگ کے ذریعے PAITS سسٹم پر رجسٹر کرنے کے عمل کا جائزہ لیا اور اپنے ہاتھوں سے جانورکو ٹیگ لگایا۔افتتاحی تقریب میں مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کے پروگریسو فارمرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سائمنز گروپ کے مالک نے صوبائی وزیر کو فارم کی کارکردگی اور ایگری شیڈز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر جدید ویٹرنری خدمات فراہم کرنا محکمے کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر نے موقع پر موجود ویکسینیٹرز اور فیلڈ سٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں دلجمعی اور خلوص نیت کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران صوبائی وزیر لائیوسٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے فارم پر یادگاری پودا لگایا۔تقریب کے اختتام پر فارم مالکان نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر لائیوسٹاک وزراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ اور لائیو سٹاک ٹیم کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔








