سیالکوٹ۔19مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں پھل و سبزیاں مقررہ نرخ پر فروخت کی جائیں خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نرخ نامے نمایاں جگہ آویزاں کئے جائیں ، پھل اورسبزیاں بنیادی ضروریات میں شامل ہیں قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نےعلی الصبح سبزی و پھل منڈی موضع بھڈال سیالکوٹ کا مسلسل آٹھویں روز دورہ کے دوران پھلوں وسبزیوں کی کوالٹی، قیمتوں کا جائزہ لینےاور منڈی میں نیلامی و بولی کے عمل کی نگرانی کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے پرائس میکنزم فعال ہے،24 گھنٹے میں پرائس مجسٹریٹ نے 1956 انسپکشنز کیں ، 55 گرانفروشوں پر 2 لاکھ 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف 4 مقدمات درج کر کے تین کاروباری مرکز سیل ، 5 ناجائز منافع خوروں کو حراست میں لیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ضلع بھر میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے،انہوں نے پھل و سبزی منڈی میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے اس دورہ کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کی جا سکیں۔