ضلع بہاولپور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاشتکاروں میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد

ضلع بہاولپور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاشتکاروں میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد

بہاولپور ۔ 19 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے گندم پیداواری مقابلہ جات 2025-26 کے تحت ضلع بہاولپور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاشتکاروں میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر عائشہ خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے کسانوں میں لاکھوں روپے کے چیکس تقسیم کیے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد شفیق بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گندم پیداواری مقابلوں کا مقصد کسانوں میں صحت مند مسابقت کو فروغ دینا، جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت پنجاب زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات اور مراعات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر کسان بھی جدید زرعی طریقہ کار اختیار کریں تاکہ زیادہ پیداوار حاصل کرکے اپنی آمدن میں اضافہ کر سکیں۔ تقریب کے دوران ضلع بہاولپور میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے تحصیل یزمان کے چک نمبر 65 ڈی بی کے کاشتکار محمد عرفان شہباز کو 10 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے تحصیل بہاولپور کے موضع ڈراور واہ کے عطا محمد کو 8 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے تحصیل حاصل پور کے چک نمبر 186 مراد کے محمد عبداللہ خان کو 5 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گندم پیداواری مقابلے کسانوں کی حوصلہ افزائی، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے ایک اہم اقدام ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کسان مستقبل میں بھی زرعی ترقی اور غذائی خود کفالت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔اس موقع پر کامیاب کاشتکاروں نے پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کا شکریہ ادا کیا اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔

کامیاب کاشتکاروں نے بتایا کہ انہوں نے جدید زرعی سفارشات، متوازن کھادوں کے استعمال، بروقت آبپاشی اور بہتر کراپ مینجمنٹ کے ذریعے نمایاں پیداوار حاصل کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ بھی جدید زرعی طریقوں کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد شفیق نے کہا کہ محکمانہ اہداف کے حصول میں محکمہ زراعت کے افسران اور عملے کی محنت، لگن اور کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔