عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پرمنعقدہ بزنس راؤنڈ ٹیبل میں نیسلے کا پاکستان میں 60 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان

ڈیووس۔22جنوری (اے پی پی):عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پرمنعقدہ بزنس راؤنڈ ٹیبل میں نیسلے نے پاکستان میں 60 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان کیاہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ڈیووس میں اعلیٰ سطح کے بزنس راؤنڈ ٹیبل کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں عالمی …

ڈیووس۔22جنوری (اے پی پی):عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پرمنعقدہ بزنس راؤنڈ ٹیبل میں نیسلے نے پاکستان میں 60 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان کیاہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ڈیووس میں اعلیٰ سطح کے بزنس راؤنڈ ٹیبل کی صدارت کی۔

اس اجلاس میں عالمی سطح کی معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور سینئر قیادت نے شرکت کی، جہاں پاکستان کی اصلاحاتی سمت، سرمایہ کاری کے مواقع اور طویل مدتی ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا،یہ بزنس راؤنڈ ٹیبل حکومتِ پاکستان کی جانب سے کثیرالقومی سرمایہ کاروں کے ساتھ جاری روابط کا حصہ تھا، جس کا مقصد پالیسی میں تسلسل، معیشت کی دستاویزی شکل اور پائیدار، برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس کی نمایاں پیش رفت نیسلے کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اور ایشیا، اوشیانا و افریقہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریمی ایجل کی جانب سے پاکستان میں 60 ملین امریکی ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کے اعلان کی صورت میں سامنے آئی۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں میں بھرپور توسیع کرے گا، جو پاکستان کے ساتھ کمپنی کے طویل مدتی عزم کا مظہر ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ نیسلے پاکستان کو علاقائی پیداوار اور برآمدی مرکز کے طور پر استعمال کرے گا، جہاں سے 26 ممالک کو مصنوعات برآمد کی جائیں گی۔

ریمی ایجل نے پاکستان کی معاشی سمت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برسوں میں پاکستان میں نیسلے کے کاروبار میں نمایاں ترقی متوقع ہے،یہ اعلان نیسلے اور وفاقی وزیر خزانہ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ ملاقات کا تسلسل ہے، جہاں کمپنی نے مقامی پیداوار، جدید مینوفیکچرنگ، پائیداری اور زرعی شعبے میں بہتری پر مبنی اپنی حکمتِ عملی پیش کی تھی۔ نیسلے نے ٹیکنالوجی پر مبنی مینوفیکچرنگ میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں خودکار فیکٹریاں، قابلِ تجدید توانائی کا بڑھتا ہوا استعمال، بہتر پیکیجنگ اور ڈیجیٹل سپلائی چین شامل ہیں، جس سے لاگت میں کمی اور ماحولیاتی اثرات میں بہتری آئی ہے، ریمی ایجل نے نیسلے کی عالمی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ کمپنی 180 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے، اس کے 277 ہزار سے زائد ملازمین ہیں، جبکہ 2025 میں اس کی عالمی آمدن تقریباً 114.25 ارب امریکی ڈالر رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی، غذائی ضروریات اور ویلیو ایڈڈ فوڈ سیکٹر میں مواقع، جنوب مشرقی ایشیا کے کامیاب ترقیاتی ماڈلز سے مماثلت رکھتے ہیں،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے نیسلے کی سرمایہ کاری کے اعلان کو پاکستان کی معاشی اصلاحات اور معیشت کی دستاویزی شکل کی جانب اعتماد کا مضبوط اظہار قرار دیا۔ انہوں نے ٹیکس نظام کو مضبوط بنانے، پالیسی میں تسلسل برقرار رکھنے اور نجی شعبے کے ساتھ مسلسل روابط کے ذریعے ذمہ دارانہ طویل مدتی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا، جس میں وزارتِ خزانہ کے تحت قائم ٹیکس پالیسی آفس بھی شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں کم لاگت غذائیت، ماحولیاتی تبدیلی کے مطابق ڈیری، مقامی ذرائع سے خام مال کی فراہمی، اور برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور حکومت پاکستان کو علاقائی پیداوار اور عالمی ویلیو چینز کے لیے ایک مسابقتی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔