پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ پرامن دنیا کے قیام کے لیے مذاکرات، سفارتکاری،انصاف اور قومی خودمختاری کا احترام بنیادی اصول بنائے جائیں۔اتوار کوعالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نےسفارتی ذرائع کو مضبوط بنانے اور جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
عالمی برادری پرامن دنیا کے قیام کے لیے مذاکرات، سفارتکاری،انصاف اور قومی خودمختاری کا احترام بنیادی اصول بنائے ،بلاول بھٹو زرداری

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ پرامن دنیا کے قیام کے لیے مذاکرات، سفارتکاری،انصاف اور قومی خودمختاری کا احترام بنیادی اصول بنائے جائیں۔اتوار کوعالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نےسفارتی ذرائع کو مضبوط بنانے اور جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔حالیہ امریکا ایران تنازع اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رابطے میں سہولت کاری اور فریقین کو مذاکرات کے ذریعے تصفیہ کی ترغیب دے کر امن کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا اور ایران کےدرمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نے اس پیغام کو مزید تقویت دی ہے کہ جنگ کے مقابلے میں مذاکرات کو ترجیح دینی چاہیے اور سفارتکاری تنازعات کے حل کے لیے زیادہ مؤثر راستہ فراہم کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خود جنگ، دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کے اثرات کا سامنا کر چکا ہے، اس لیے وہ تنازعات کی انسانی اور معاشی قیمت کو بخوبی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان رابطے میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششیں تنازعات کے پرامن حل کی اس کی پالیسی کی عکاس ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے جنوبی ایشیا میں ’’مستقل امن‘‘ کے مطالبے کا بھی اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر تنازع، پانی سے متعلق معاملات اوردہشت گردی سمیت علاقائی مسائل کو مذاکرات اورسفارتکاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ میں شہریوں کی مسلسل مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کے خاتمے، شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے بامعنی عالمی کوششوں پر زور دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی اصولوں کا مستقل اور یکساں اطلاق ہونا چاہیے، جبکہ خودمختاری،علاقائی سالمیت، انسانی حقوق اور عوام کے حق خود ارادیت کا احترام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم امن پر ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ اس کے لیے انصاف،مذاکرات، مساوات اورانسانی وقار کا احترام ضروری ہے۔ عالمی برادری کو محاذ آرائی کے بجائے سفارتکاری اور تقسیم کے بجائے تعاون کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نےکہا کہ پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سیاسی میراث کی پیروی کرتے ہوئے جمہوری اقدار، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی تنازعات کے سفارتی حل کی حمایت جاری رکھے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اجتماعی طور پر ایسی دنیا کے قیام کے لیے کام کریں جہاں تنازعات کا فیصلہ میدان جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر ہو۔







