عرفان چوہدری نے آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کا منصب سنبھال لیا، عرفان چوہدری کا عہدہ سنبھالنا چھوٹے تاجروں کے لیے قابل فخر ہے، ظفر بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ محمد عرفان چوہدری کا آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کا منصب سنبھالنا اسلام آباد کے تاجروں بالخصوص چھوٹے تاجروں اور پوری کاروباری برادری کے لیے باعث فخر ہے۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ محمد عرفان چوہدری کا آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کا منصب سنبھالنا اسلام آباد کے تاجروں بالخصوص چھوٹے تاجروں اور پوری کاروباری برادری کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر قائم مقام صدر عرفان چوہدری کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ظفر بختاوری نے کہا کہ عرفان چوہدری کو آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کی نشست پر دیکھنا اسلام آباد کے چھوٹے تاجروں کے لیے خصوصی طور پر حوصلہ افزاء ہے، یہ اسلام آباد چیمبر کے لیے بھی خوش قسمتی ہے کہ آج ایک محنتی، مخلص اور کاروباری برادری کے لیے وقف رہنما اس اہم ادارے کی قیادت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرفان چوہدری نے اپنی محنت، خلوص اور کاروباری برادری کے لیے مسلسل خدمات کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے عرفان چوہدری کو آئی سی سی آئی فائونڈر گروپ کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے ساتھ ان کی طویل وابستگی، تاجروں اور کاروباری افراد کے مسائل کے حل کے لیے ان کی جدوجہد اور ان کی خدمات نے انہیں کاروباری برادری میں ایک قابل احترام مقام دلایا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عرفان چوہدری اپنی صلاحیتوں، تجربے اور توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور آئی سی سی آئی کے موثر کردار کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

اس موقع پر قائم مقام صدر آئی سی سی آئی محمد عرفان چوہدری نے ظفر بختاوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے چیمبر آمد اور مبارکباد ان کے لیے باعث حوصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے کیونکہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کی تجارت، صنعت، خدمات اور دیگر شعبوں سے وابستہ کاروباری برادری کا ایک اہم اور معتبر نمائندہ ادارہ ہے۔عرفان چوہدری نے کہا کہ آئی سی سی آئی حکومت اور نجی شعبے کے درمیان موثر پل کا کردار جاری رکھے گا اور کاروبار کرنے میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ، تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گا۔

انہوں نے آئی سی سی آئی فائونڈر گروپ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ اس نے ان کی خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کی بین الاقوامی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر کاروباری روابط کے فروغ کا عمل بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلے میں آئی سی سی آئی کا 200 سے زائد کاروباری افراد پر مشتمل وفد صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود اور سینئر نائب صدر طاہر ایوب کی قیادت میں اس وقت استنبول میں موجود ہے جہاں وفد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور کاروباری روابط کے نئے مواقع تلاش کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفد کے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی بزنس اپرچونٹی کانفرنس اور انٹرنیشنل گلوبل ایوارڈز کی تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں جن میں ترکیہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیات، استنبول چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان اور اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لانا، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور کاروباری روابط کو عملی شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر عرفان چوہدری، سینئر اراکین اعجاز محمد اور ساجد اقبال بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں