اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے علاقائی استحکام کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان کی موثر سفارتی کوششیں کو سراہا ہے۔
علاقائی استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل ستائش ہیں،سردار طاہر محمود

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے علاقائی استحکام کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان کی موثر سفارتی کوششیں کو سراہا ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت میں سہولت فراہم کرنے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات امن اور اقتصادی تعاون کے قابل اعتماد حامی کے طور پر ملک کی پوزیشن کو تقویت دیتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کوششیں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے، علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور پائیدار اقتصادی مواقع کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔حکومت کے لیے آئی سی سی آئی کی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئےانہوں نے کاروباری برادری کو متاثر کرنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں اہم سڑکوں کی بندش کی طرف توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ اس سے سامان کی نقل و حرکت اور سپلائی چین متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے طریقہ کار کو آسان بنانے کا مطالبہ کیا۔سردار طاہر نے محمود نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے ایف ایم سی جیز کی نقل و حمل کے لیے ایک خصوصی طریقہ کار سمیت بعض اصلاحی اقدامات متعارف کرانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باوجود لاجسٹک رکاوٹوں کے بعض مسائل کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے وفاقی دارالحکومت تک محدود رسائی کے باعث اشیائے ضروریہ کے کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جس سے تقسیم کار، درآمد کنندگان، تھوک ، خوردہ فروش اور تاجر طبقہ کے متاثر ہونے سمیت طلب اور رسد کے مسائل درپیش ہیں ۔
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان کی بحالی انتہائی اہمیت کی حامل ہے لیکن اسے متوازن اور عملی نقطہ نظر کے ذریعے آگے بڑھایا جانا چاہیے جو معاشی سرگرمیوں میں غیر ضروری طور پر رکاوٹ نہ ڈالے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اپیل کی کہ صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور ایسے انتظامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں جس سے ٹرانسپورٹ روٹس کی بحالی ہو سکے اور اس طرح ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ تجارتی سامان کی آسانی سے نقل و حرکت بھی میسر آ سکے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آل پاکستان امپورٹرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرز کنسورشیم (APIDC)، کنفیکشنری ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن (CDA) اور راولپنڈی-اسلام آباد ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن (RIDA) سمیت متعدد نمائندہ تجارتی اداروں نے اس معاملے کو اجتماعی طور پر اٹھایا ہے اور اسے پورے کاروباری ماحولیاتی نظام کے لیےتشویش قرار دیا ہے۔سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ اس سے نہ صرف بڑے ادارے بلکہ چھوٹے تاجروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ روزی روٹی کے تحفظ اور مارکیٹ کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے نقل و حمل کے معمولات کی بحالی ضروری ہے۔نائب صدر عرفان چوہدری نے مزید کہا کہ سپلائی چین میں تسلسل معاشی استحکام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے بلا تعطل بہاؤ کو برقرار رکھتے ہوئے موثر حفاظتی انتظام کو یقینی بنایا جائے۔








