علاقائی امن کے ثمرات تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے ہی حاصل ہوں گے، افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ علاقائی امن کا حقیقی فائدہ تجارت کے فروغ، پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے حصول اور عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی اپنانے میں مضمر ہے۔

لاہور۔12جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ علاقائی امن کا حقیقی فائدہ تجارت کے فروغ، پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے حصول اور عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی اپنانے میں مضمر ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موثر داخلی اصلاحات اور ان معاہدوں پر سختی سے عمل درآمد کے ذریعے پاکستان اپنی بہتر عالمی حیثیت کو پائیدار اقتصادی ترقی اور علاقائی انضمام میں تبدیل کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران، ترکیہ اور سعودی عرب پاکستان کے لیے فوری اور وسیع اقتصادی مواقع رکھتے ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو2028 تک10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول کے لیے وزارتِ تجارت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مالی امداد کے بجائے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کی بنیاد پر استوار کرنا چاہیے۔