علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی عربی کانفرنس 25نومبر کو ہوگی

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے زیرِ اہتمام چوتھی سالانہ 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’ اندلسی ادب: عرب و مغرب کے مابین تہذیبی و فنی روابط اور اثرات‘‘25 نومبر کو ہو گی۔کانفرنس میں اردن، الجزائر، عُمان، عراق، مراکش اور مصر سمیت متعدد عرب ممالک سے نامور اساتذہ، محققین اور ماہرینِ ادب شرکت کریں گے جبکہ ملک کے مختلف شہروں اور جامعات سے …

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے زیرِ اہتمام چوتھی سالانہ 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’ اندلسی ادب: عرب و مغرب کے مابین تہذیبی و فنی روابط اور اثرات‘‘25 نومبر کو ہو گی۔کانفرنس میں اردن، الجزائر، عُمان، عراق، مراکش اور مصر سمیت متعدد عرب ممالک سے نامور اساتذہ، محققین اور ماہرینِ ادب شرکت کریں گے جبکہ ملک کے مختلف شہروں اور جامعات سے بھی ممتاز اہلِ علم کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

جامعہ کے ترجمان کے مطابق اس کانفرنس کا بنیادی مقصد اندلسی ادب کے متنوع علمی، تہذیبی اور فکری پہلوؤں کو اُجاگر کرنا، عرب و مغرب کے مابین ادبی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا اور معاصر عربی تحقیق میں نئے رجحانات و امکانات کو فروغ دینا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کانفرنس میں خصوصی کلیدی خطابات، تحقیقی مقالات کی پیشکش اور موضوعاتی علمی نشستیں شامل ہوں گی جن میں اندلسی ادب کے تاریخی پس منظر، فکری اثرات، فنی جمالیات اور عصرِ حاضر میں اس کی معنویت جیسے موضوعات پر سیرحاصل گفتگو کی جائے گی۔واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہر سال عربی ادب و لسانیات کے موضوعات پر بین الاقوامی کانفرنسز کا اہتمام کرتی ہے جنہیں علمی و تحقیقی حلقوں میں نمایاں پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔

اس سے قبل اس سلسلے میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس بعنوان برصغیر میں عربی ادب اور دوسری بین الاقوامی کانفرنس بعنوان’’الأدب المقارن‘‘جبکہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس’’عربی ادب میں ناول نگاری‘‘ پر کامیابی سے منعقد ہو چکی ہیں۔

مزید خبریں