عمران خان انتخابی مہم کے لئے قاتلانہ حملہ کی سازش کابیانیہ بنارہے ہیں ، شیری رحمنٰ

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے جمعہ کو کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قتل کئے جانے کی سازش کے جو الزامات لگائے ہیں وہ بالکل بے بنیاد اور سیاسی بیانیہ کے علاوہ کچھ نہیں ہے اور یہ بھی نام نہاد غیر ملکی سازش کی طرح بے بنیاد ہیں ۔

وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ عمران خان کی طرف سے اپنے ممکنہ قتل کے دعوئوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ بہت سنگین الزام ہے جس کو ثابت کرنا پی ٹی آئی کے سربراہ کی ذمہ داری ہے۔ عدالت کو عمران خان سے شواہد اور ثبوت طلب کرنے چاہئیں کیونکہ اس سے پہلے بھی وہ سنگین الزامات لگا کر سیاسی بیانیئے بناتے رہے ہیں۔

شیری رحمن نے مزید کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عمران خان نے دھاندلی اور کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے جھوٹا سیاسی بیانیہ بنایا تھا اس مرتبہ عمران خان کو انتخابات میں جانے سے پہلے نئے بیانیئے کی ضرورت پڑگئی ہے اگر یہ الزامات سچ ہیں تو انہیں ریکارڈ شدہ ویڈیو کی بجائے عدالت کوسازش کرنے والوں کے ناموں کے بار ے میں مطلع کرنا چاہیئے ۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان انتخابات میں جانے سے قبل عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے بیانیہ بنا رہے ہیں جبکہ یہ الزامات کسی قسم کے ثبوت کے بغیر صرف اور صرف انتخابی مہم کیلئے ہیں۔