عمران خان نے سیاسی مخالفین کو گرفتارکرانے کیلئے نیب کو استعمال کیا، احسن اقبال

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ خود ساختہ صادق و امین نیب قوانین میں ترمیم کا کہا کرتے تھے، عمران خان کے دورحکومت میں کرپشن انڈیکس بلندیوں پر پہنچا،کرپشن پر لیکچر دینے والوں کے دور میں مافیاز کو فری ہینڈ دیا گیا، عمران خان نے سیاسی مخالفین کو گرفتارکرانے کیلئے نیب کو استعمال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خود یاد نہیں رہتا کہ دو دن پہلے کیا بیان دیا تھا، عمران خان سیاسی حریفوں کو بغیر ثبوت جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں، کرپشن پر لیکچر دینے والوں کے دور میں مافیاز کو فری ہینڈ دیا گیا۔ عمران خان کے دورحکومت میں کرپشن انڈیکس بلندیوں پرپہنچا، عمران خان نیب قوانین میں ترمیم کر کے خود کو اوراپنی کابینہ کو این آراودے کر گئے، عمران خان اور شہزاد اکبر ایک روپیہ کی کرپشن ثابت نہیں کرپائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کو گرفتارکرانے کیلئے نیب کو استعمال کیا۔ عمران خان نے سوشل میڈیا ٹرینڈزبناکراپنی حکومت چلائی۔ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے دورحکومت میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن تھا، ہم محنت سے ملک کو دوبارہ ترقی کی راہوں پر گامزن کررہے ہیں،سابق حکومت شہبازشریف کے خلاف کرپشن کا ایک روپیہ ثابت نہیں کرپائی۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے سی پیک منصوبوں کو تباہ کردیا، عمران خان نے سیاست اور اخلاقیات کا بیڑہ غرق کردیا، عمران خان شرم کی بجائے الزام تراشی میں مصروفہیں ،عمران خان کی ٹیم میں ایک سے بڑھ کر ایک بد زبانی کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت احتساب پر یقین رکھتی ہے،کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ نیب قوانین میں عمران خان آرڈیننس کے ذریعے خود ترامیم کرکے گئے، عمران خان کی ناکام سیاست کا باب ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دورمیں تاریخی منظم کرپشن ہوئی، برطانیہ سے ملنے والا 50ارب روپیہ منی لانڈرنگ کرنے والے کو واپس کردیا، عمران خان حکومت پر بڑی تنقید کر رہے ہیں کہ انہوں نے نیب قوانین میں ترامیم کی ہیں، موجودہ حکومت نے نیب قوانین میں ترامیم خود نہیں کیں یہ انہی کے دور میں کی گئی تھیں لیکن یہ اب خود ان سے روگردانی کر رہے ہیں۔ عمران نیازی جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں کہ حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرکے چوروں کو بچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اگر اپنی تقریریں سن لیتے تو ان کو پتہ ہوتا کہ انہوں نے کہی مرتبہ کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کی جائیں کیونکہ سرمایہ کار ان ترامیم کی وجہ سے پاکستان کا رخ نہیں کرتے۔ عمران نیازی یوٹرن کے ورلڈ چیمپئن ہیں اور جھوٹ کے بھی۔ خودساختہ صادق اور امین آج نیب قوانین کی ترامیم پے لوگوں کو لیکچر دے رہے ہیں۔ جس شخص کے دور حکومت میں کرپشن اس نہج پر پہنچی ہے جس میں گندم، چینی، سیمنٹ اور دیگر اشیا مارکیٹ سے غائب اور مافیا سرگرم ہوتا تھا اور انہیں مافیاز کے یہ سرغنہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن پر لیکچر دینے والے آج یہ راگ الاپ رہے ہیں کہ ہم نے یہ کیا، ہم نے وہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کو چیلنج دیتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور حکومت میں ہم نے 3200 ارب روپے کے منصوبے مکمل کئے ان میں 32 پیسے کی کرپشن ثابت کردیں تو ہم قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت 29 ارب ڈالر کے منصوبے ہم نے پورے کئے، ان میں 29 پیسے کی کرپشن ثابت کریں تو ہم قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستان میں کرپشن انڈیکس اوپر چلا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف تین بار وزیراعظم رہے ہیں، ان پر کرپشن کا ایک دھیلا انہوں نے ثابت نہیں کیا۔ ان کے دور حکومت میں پاکستان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا اور کئی میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے۔ ان میگا پراجیکٹس میں ایک پیسے کی کرپشن ثابت کردیں تو ہم قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کئے ہیں اور ان تعلقات کو ہم اب دوبارہ بحال کر رہے ہیں۔

انہوں نے یکم اپریل 2022 کو وزارت خزانہ نے ہاتھ کھڑے کردیئے کہ ترقیاتی کاموں کے چوتھے کوارٹر کے لئے کوئی پیسہ ہمارے پاس موجود نہیں۔ ملک کو اس نہج پر چھوڑ کر چلے گئے ہیں ، پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے ریلیف زیرو ہوا۔

پاکستان کو اس دلدل میں پھنسا دیا، موجودہ حکومت اس ملک کو دلدل سے نکال لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کا احتساب ہوگا لیکن احتساب کسی بھی طرح سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہوگا۔ سابقہ حکومت کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہیں۔ ان شا اللہ 2023 کے عام انتخابات میں بھی وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے۔