عمران نیازی نیب قوانین پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے پہلے غیر ملکی سازش پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، اب نیب قوانین پر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان مافیا نے چند ہیروں کے عوض ملکی مفاد کو بیچا، پونے چار سال انہوں نے قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑائیں، عمران صاحب دو جھنڈے رکھ کر آپ روئیں، پیٹیں یا چیخیں، آپ کی کرپشن کے پول کھل چکے ہیں، ذاتی مفادات کے لئے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے آپ جیسوں کو جیل میں ہونا چاہئے۔

منگل کو عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جیل میں عمران صاحب آپ اور چیئرمین نیب کو ہونا چاہئے جو پونے چار سال قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ دو جھنڈے رکھ کر عمران صاحب آپ روئیں، پٹیں یا چیخیں، آپ کی کرپشن کے پول کھل چکے ہیں، عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے، آپ کی چار سال کی چوری، کرپشن اور نالائقی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے اور وزیراعظم کی کرسی استعمال کر کے بھی عمران نیازی اپنے لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کر سکے، سرکاری ریکارڈ اور اختیار ہونے کے باوجود آپ ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پونے چار سال جعلی احتساب کا بیانیہ چلایا جو ناکام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے جھوٹے مقدمات بنا کر بھی عمران صاحب آپ ناکام ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس گئے لیکن وہاں سے بھی منہ کی کھانا پڑی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب ! بنی گالہ میں دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر انقلاب نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ہیرے لے کر فیکٹریوں کے گیٹ کھلوانے والے کو نیب ترامیم یاد آ گئی ہیں۔ چار سال عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والے نے پہلے غیر ملکی سازش پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، اب نیب قوانین پر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ایک بار پھر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو استعمال کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے انہوں نے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں ناحق قید کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج بھی عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جیسے ذاتی مفادات کے لئے اختیارات کا ناجائز استعمال اور سیاسی انتقام کے لئے ہر غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرنے والوں کو جیل میں ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے نیب کو استعمال کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی، عمران نیازی نے مریم نواز پر جھوٹے مقدمات بنائے جنہوں نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھا، تمام اختیارات اور طاقت ہوتے ہوئے نیب، ایف آئی اے اور این سی اے میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کی چیخیں صرف اپنی چوری اور کرپشن چھپانے کے لئے نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب ترمیم سے موجودہ کیسز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شہباز شریف آج بھی جھوٹے الزامات کے باوجود پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب جھوٹے، منافق فتنہ ہیں اور ہر بات پر عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔