ہری پور ۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے ہری پور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مخالفین کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ ہری پور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، ملک میں ایک جھوٹ کی فیکٹری فعال ہےاور وقت آ گیا ہے کہ اس کے …
عوام نے مخالفین کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ ہری پور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، وفاقی وزیرامیر مقام

مزید خبریں
ہری پور ۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے ہری پور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مخالفین کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ ہری پور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے، ملک میں ایک جھوٹ کی فیکٹری فعال ہےاور وقت آ گیا ہے کہ اس کے پھیلائے گئے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا جائے،بابر نواز خان نے جس محنت اور لگن کے ساتھ انتخابی مہم چلائی وہ قابلِ ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ہری پور میں انتخابی کامیابی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نےکہا کہ آج کی پشاور کی افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک "جھوٹ کی فیکٹری” فعال ہےاور وقت آ گیا ہے کہ اس کے پھیلائے گئے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا جائے۔ انجینئر امیر مقام نے اللہ تعالیٰ کا اور ہری پور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مخالفین کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ ہری پور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے۔
انہوں نے قائد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آرگنائزر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بھی عوام کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ آپ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔امیر مقام نے سردار مشتاق، پیر صابر شاہ اور پوری تنظیمی ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد دی۔انہوں نے کیپٹن (ر) صفدر کی کوششوں کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دن رات محنت کر کے مثال قائم کی۔ وفاقی وزیر نے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے تمام ونگز کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بابر نواز خان نے جس محنت اور لگن کے ساتھ انتخابی مہم چلائی وہ قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے گھر گھر جا کر نواز شریف کا پیغام پہنچایا، عوام کا حوصلہ اور جذبہ قابلِ تعریف تھا۔امیر مقام نے کہا کہ آج وہ ہری پور کے عوام کو سلام پیش کرنے آئے ہیں، جنہوں نے پورے خیبر پختونخوا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب عوام شیر کے ساتھ جانے کے لیے تیار ہیں،عوام اب حقیقت جان چکے ہیں، بابر نواز خان کے کیے گئے وعدے پورے ہوں گے، ہم ہری پور کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔انہوں نے سوشل میڈیا ٹیموں اور کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صرف الزامات سے قومیں نہیں بنتیں، حقیقت پسند بنیں اور اداروں پر بلاجواز تنقید سے گریز کریں،جھوٹ ہمیشہ جھوٹ ہوتا ہے اور سچ اپنی جگہ قائم رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے بھارت کو شکست دی اور آج وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن بہتر ہو رہی ہے اور بیرونِ ملک پاکستانی ریکارڈ ترسیلات بھیج رہے ہیں،ہماری یکجہتی اور اعتماد ہی ہمارے مخالفین کو شکست دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہری پور کے مسائل ہمارے مسائل ہیں اور ہم انہیں حل کریں گے۔اس موقع پر بابر نواز خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور وفاقی وزیر سمیت تمام پارٹی قائدین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔








