عوام کو تیل کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، علی پرویز ملک

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو تیل کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،سردیوں میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں، 90 لاکھ سےزیادہ شہری 100 روپے لیٹر تیل کی سکیم سے مستفید ہوئے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی …

لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو تیل کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،سردیوں میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں، 90 لاکھ سےزیادہ شہری 100 روپے لیٹر تیل کی سکیم سے مستفید ہوئے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی کر دی جائیں گی،خیبر پختونخوا میں دہشتگرد دوبارہ سر اٹھانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،ریاست کا تحفظ اولین ترجیح ہے،قومی مفادات کے لیے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھنا ہوں گے،قوم دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مکہ مشترکہ معاہدہ کے تحت ترکی کے ساتھ مل کر سعودیہ کا دفاع کریں گے-

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنے حلقے مغلپورہ میں عوامی اجتماع اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ملک اور خطے کو اس وقت ایک بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے دوبارہ بڑھتے ہوئے واقعات تشویش ناک ہیں، موجودہ حالات قومی اتحاد اور یکجہتی کے متقاضی ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری قوم کو اپنی عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ قائد محمد نواز شریف کے ایک ادنی کارکن، ان کے نمائندے اور پاکستانی شہری کی حیثیت سے تمام سیاسی قیادت، بالخصوص خیبر پختونخوا کی صوبائی قیادت سے عاجزانہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھیں اور قومی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں ملک نہیں تو کچھ بھی نہیں،یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور سیاست کا نہیں بلکہ قومی مفادات کو مقدم رکھنے کا ہے، ہمیں اس امر کا احساس کرنا ہوگا کہ کہیں ہماری سیاسی مصلحتیں ریاست کو ایسے نقصان سے دوچار نہ کر دیں جس پر آنے والی نسلوں کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑے ۔ انہوں نے کہ ان کے خلاف اور ان کے خاندان کے خلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے، لیکن اس کے باوجود ان کا موقف ہے کہ قومی مفادات کے لیے تمام اختلافات بھلا کر حکومت اور ریاست کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدا اس وطن کا فخر ہیں جنہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ، ان کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی اختلافات بھلا کر قومی قیادت اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہوں، وزیراعلی خیبر پختونخوا کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قومی سلامتی کے معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،سیاسی اختلافات اور تنقید کے لیے بہت سے مواقع موجود ہیں، تاہم آج کی اولین ضرورت دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر پاکستان اور اس کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے کی جانے والی شرارتیں کسی سے پوشیدہ نہیں، قومی قیادت کو متحد ہو کر پاکستان کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ بنانا ہوگا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر قائدین نے متعدد مرتبہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب مفاہمت اور مذاکرات کا ہاتھ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا حکومت کے لیے کسی ایک شخص کی رہائی یا سیاسی مفاد ریاستی مفادات سے زیادہ اہم ہے تو یہ افسوسناک ہے، ریاست کسی بھی سیاسی شخصیت سے زیادہ اہم ہے،باہمی سیاسی اختلافات بعد میں بھی دور کیے جا سکتے ہیں، لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیصلہ کر لیا ہے کہ پاکستان کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا اور ملکی وقار کے تحفظ کے لیے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

وفاقی وزیر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کابینہ کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیدا ہونے والے فرق کے سوا عوام کی جیب سے اضافی رقم وصول کرنے کی کوشش نہیں کی، مجبوری کے تحت عالمی حالات اور جنگ کے اثرات کے باعث جتنا اضافہ ناگزیر تھا، صرف اتنا ہی کیا گیا،عوام کو عالمی توانائی بحران کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار شفاف رکھا ہے اور اس کی تفصیلات اوگرا کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں تاکہ عوام خود دیکھ سکیں کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھا کے مطابق ملکی قیمتوں کا تعین کیسے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں سمیت کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں،موٹرسائیکل سواروں کو 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کرکے ان کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اس سکیم سے تقریبا 90 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ حکومت اپنی استطاعت کے مطابق اس سکیم کو جاری رکھے گی اور جب تک ہمت ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔علی پرویز ملک نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی، اس کا فائدہ بھی بلا تاخیر عوام تک منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے کی پاسداری کرے گی اور مشکل حالات میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت سے پہلے فیصلے کرکے عوام کو ممکنہ توانائی بحران اور مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر قیادت خطے میں جاری کشیدگی کے مستقل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں مستقل جنگ بندی اور امن کی راہ ہموار ہوگی، کیونکہ خطے کے مسائل کا پائیدار حل مذاکرات اور امن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، حوثیوں کی جانب سے ریاض کے قریب تیل کی تنصیبات پر حملوں اور یمن میں باب المندب کے قریب بحری گزرگاہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کارروائیوں پر پاکستان کو تشویش ہے، پاکستان ان حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مکہ معاہدے کے تناظر میں پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ترکیہ کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے تیل کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر اس کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ ریاض جا کر سعودی عرب کے وزیر توانائی سے ملاقات کریں اور مشکل حالات میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کریں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل، پٹرول، ڈیزل، گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے سردیوں میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ دسمبر، جنوری اور فروری کے دوران عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم اور کابینہ کو گیس کی ضروریات، دستیابی اور ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ اس کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتا ہے، جبکہ قیمتوں کے تعین میں سعودی آرامکو کی ماہانہ کنٹریکٹ پرائس (سی پی) بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں ایل پی جی کی طلب اور خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں بیرون ملک سے ایل پی جی درآمد کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کابینہ کو سمری بھی بھجوائی گئی ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں عوام کو ایندھن کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور مقامی رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر اپنے علاقے اور عوام کی آواز قیادت تک پہنچائی ہے، جلد بلدیاتی انتخابات کا سیاسی میدان سجے گا تو پارٹی کارکنوں کو ان کا حق دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی مشکلات کم کرنے، قومی سلامتی کے تحفظ اور خطے میں جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔