ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ عوام کی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں ۔
عوام کی خدمت پولیس کی اولین ترجی ، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں ،قاضی علی رضا
اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ عوام کی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں ۔
یہ بات انہوں نے اپنے اور ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کہی جس میں تمام ایس ایچ اوز اور محررز نے شرکت کی ۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق قاضی علی رضا نے کہا کہ پولیس دفاتر اور تھانوں میں آنے والے ہر شہری سے عزت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ویلفیئر اور مسائل کا ترجیحی بنیاد پر حل یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر وقت پولیس افسران کے لیے کھلے ہیں، فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے امن و امان کے قیام میں پولیس کا کردار کلیدی ہے، جرائم کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، بدعنوانی ثابت ہونے پر سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔
قاضی علی رضا نے کہا کہ جرائم کو چھپانا نہیں بلکہ ان پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہے،جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایت کی کہ سیپس (SIPS)پروٹوکول کے تحت شہریوں کو بہترین پولیس سروسز اور بروقت دادرسی فراہم کی جائے،تمام افسران روزانہ 3 گھنٹے دفاتر میں بیٹھ کر شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں گے۔قاضی علی رضا نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ بدنامی کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔









