گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ہر شہری کو سستی، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں بھوک اور غذائی قلت کا خاتمہ قومی ترجیحات میں شامل …
غذائی تحفظ اور بھوک کے خاتمہ کیلئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، گورنر سندھ کا عالمی یومِ خوراک پر پیغام

مزید خبریں
کراچی۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ہر شہری کو سستی، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں بھوک اور غذائی قلت کا خاتمہ قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے تاکہ ہر فرد کو صحت مند زندگی گزارنے کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث کم آمدنی والے خاندانوں کی غذائی ضروریات کا تحفظ خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات تک معیاری خوراک کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی قلت اور زرعی اخراجات میں اضافے جیسے چیلنجز سے نمٹنا غذائی تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، آبپاشی کی سہولیات اور دیگر ضروری وسائل فراہم کرکے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔گورنر سندھ نے خوراک کے ضیاع کو روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل کا دانش مندانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین میں غذائی قلت کی روک تھام کے لیے متوازن اور صحت بخش غذا تک رسائی یقینی بنانا اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں پائیدار زراعت کا فروغ غذائی تحفظ کی ضمانت ہے، حکومت، نجی شعبے اور فلاحی اداروں کو باہمی تعاون کے ذریعے مستحق خاندانوں تک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ بھوک سے پاک اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر عملی اقدامات ناگزیر ہیں اور یہی کوششیں پاکستان کو غذائی خود کفالت اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن کریں گی۔







