غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں گزشتہ مالی سال کے دوران 3.87فیصد اضافہ

غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں گزشتہ مالی سال 26-2025کے دوران 3.87فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں گزشتہ مالی سال 26-2025کے دوران 3.87فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک (ایس بی پی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے2.305ارب ڈا لر منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں جبکہ مالی سال 25-2024کے دوران منافع جات کی منتقلی کا حجم 2.219ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح مالی سال 25-2024کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 26-2025کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 0.086 ارب ڈالر یعنی 3.87فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بیرون ملک منتقل کئے گئے منافع جات میں 2.202ارب ڈالر کے منافع جات براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی ) سے حاصل ہوئے تھے جبکہ فارن پورٹ فولیو انوسٹمنٹ سے حاصل 103.7ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق جون 2026کے دورا ن غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل 151.4ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں جن میں سراہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل 140.6 ملین ڈالر جبکہ فارن پورٹ فولیو انوسٹمنٹ سے حاصل 10.8ملین ڈالرکے منافع جات شامل ہیں ۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کےحوالے سے مینوفیکچرنگ کا شعبہ سرفہرست رہا اور دوران سال مینو فیکچرنگ کے شعبہ نے 564.3 ملین ڈالر کے منافع جات منتقل کئے ہیں جبکہ مالیات اور انشورنس سیکٹرکی جانب سے 537.4 ملین ڈالر اور بجلی ، گیس، سٹیم اور ایئرکنڈیشننگ سپلائی کے شعبہ کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل 496.5 ملین ڈالرکے منافع جات گزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں ۔

مزید خبریں