غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 10 ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 8.7 فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک
غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 10 ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 8.7 فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک

مزید خبریں
اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):ملک میں غیرملکی سرمایہ کا ری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر 8.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 2.001 ارب ڈالر کی بیرون ملک منتقلی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.841 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.7 فیصد زیادہ ہے۔اپریل میں غیرملکی سرمایہ کا ری پر حاصل منافع کی مدمیں 172 ملین ڈالر کی منتقلی ریکارڈ کی گئی جو مارچ کے 49 ملین ڈالر کے مقابلے میں 350 فیصد زیادہ اورگزشتہ سال اپریل کے 121 ملین ڈالر کے مقابلے میں 41.6 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران مالیاتی بزنس کے شعبہ میں سرمایہ کا ری پر حاصل منافع کی مدمیں 477 ملین ڈالر،خوراک 172 ملین ڈالر،سگریٹ و تمباکو 107 ملین ڈالر،مواصلات 149 ملین ڈالر،مشروبات 56 ملین ڈالر اوردیگرشعبوں میں سرمایہ کا ری پر حاصل منافع کی مدمیں 1.040 ارب ڈالر کی بیرونی ممالک منتقلی ہوئی۔اعدادوشمارکے مطابق برطانیہ کے سرمایہ کاروں اورکمپنیوں نے مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں منافع کی مدمیں 556 ملین ڈالر،سویٹزرلینڈ 94 ملین ڈالر،نیدرلینڈ 175 ملین ڈالر،امریکا 169 ملین ڈالر،بحرین 20 ملین ڈالر اور دیگر ممالک کے سرمایہ کا روں اور کمپنیوں نے 986 ملین ڈالر منتقل کئے۔








