غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، ایف آئی اے نے ملک بھر کیلئے ہاٹ لائن 1991 قائم کر دی

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک سفر کرنے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے ملک بھر کی سطح پر خصوصی ہاٹ لائن نمبر 1991 قائم کر دیا ہے۔

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک سفر کرنے اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے ملک بھر کی سطح پر خصوصی ہاٹ لائن نمبر 1991 قائم کر دیا ہے۔

ایف آئی اے انسدادِ انسانی سمگلنگ یونٹ کی جانب سے جاری کردہ عوامی آگاہی کے پیغام کے مطابق، غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک سفر کرنا سنگین جرم ہے اور اس عمل میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور ایجنٹوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایف آئی اے نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے گردونواح میں کوئی شخص غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جانے کا ارادہ رکھتا ہو یا کوئی بھی فرد یا گروہ اس طرح کے سفر میں سہولت کاری فراہم کر رہا ہو، تو فوری طور پر ہاٹ لائن نمبر 1991 پر اطلاع دیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کا نام اور شناخت مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔