ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر غیر قانونی، نقصان دہ اور ہراساں کرنے والے مواد کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ یقینی بنائیں۔ ترجمان کے مطابق ایسا مواد صارفین کی ذاتی رازداری (پرائیویسی) اور تحفظ کے لیے شدید خطرہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے اس کے تدارک کے لیے …
غیر قانونی و نقصان دہ آن لائن مواد کو نظر انداز نہ کریں، فوری رپورٹ کریں، ترجمان پی ٹی اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر غیر قانونی، نقصان دہ اور ہراساں کرنے والے مواد کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ یقینی بنائیں۔ ترجمان کے مطابق ایسا مواد صارفین کی ذاتی رازداری (پرائیویسی) اور تحفظ کے لیے شدید خطرہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے اس کے تدارک کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
ترجمان پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی پروفائلز، نقالی، ہراسانی اور غیر اخلاقی مواد کے تدارک کے لیے صارفین متعلقہ پلیٹ فارم کے بلٹ ان رپورٹنگ ٹولز کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ آن لائن بلیک میلنگ، ہراسانی، سائبر اسٹاکنگ اور ڈیجیٹل فراڈ جیسے سنگین جرائم کے خلاف کارروائی کے لیے شہری نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی ہیلپ لائن 1799 یا ان کے ویب پورٹل complaint.nccia.gov.pk کے ذریعے رجوع کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب جعلی یا فراڈ کالز، مشکوک پیغامات اور موبائل آپریٹرز کی خدمات سے جڑے مسائل کے حل کے لیے پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم complaint.pta.gov.pk پر شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔ترجمان نے شہریوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ کسی بھی فورم پر شکایت درج کروانے سے قبل مواد کے متعلقہ لنکس، اسکرین شاٹس اور دیگر شواہد لازماً اپنے پاس محفوظ کر لیں، جبکہ ایسے مواد کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے یا آگے پھیلانے سے مکمل گریز کریں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے بروقت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہی ملک میں ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کو ممکن بنا سکتی ہے۔







