فائونڈرز کاربن نیٹ ورک کے کاروباری وفد کا نیدرلینڈز کے سفیر کے ہمراہ ایس آئی ایف سی کا دورہ، سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال

فائونڈرز کاربن نیٹ ورک (ایف سی این) کے کاروباری وفد نے پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کے ہمراہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔سیکرٹری اپیکس کمیٹی ایس آئی ایف سی …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):فائونڈرز کاربن نیٹ ورک (ایف سی این) کے کاروباری وفد نے پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کے ہمراہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور دوطرفہ تجارت و اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔سیکرٹری اپیکس کمیٹی ایس آئی ایف سی ڈاکٹر جہانزیب نے وفد کو ایس آئی ایف سی کے ایک ونڈو سہولت کاری پلیٹ فارم کے طور پر کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو متعلقہ سرکاری اداروں سے مربوط کرنے اور پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی فراہمی کے لیے ایس آئی ایف سی کے مربوط طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔وفد کو قابل عمل سرمایہ کاری منصوبوں اور خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب مواقع کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں کراچی انڈسٹریل پارک (کے آئی پی) اور بن قاسم انڈسٹریل پارک (بی کیو آئی پی) نمایاں تھے۔ بریفنگ میں ان صنعتی زونز کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول، صنعتی ترقی کے فروغ اور کاروباری شراکت داریوں کے قیام کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نیدرلینڈز کی جانب سے سرمایہ کاری کے امکانات، یورپی یونین کے عمومی ترجیحی نظام پلس (جی ایس پی پلس) کے تحت دوطرفہ تجارتی روابط کو وسعت دینے اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے جاری ضابطہ جاتی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس آئی ایف سی قابل عمل سرمایہ کاری منصوبوں کو اجاگر کرنے، متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار کاروباری ماحول کے فروغ کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور باہمی مفاد پر مبنی تجارتی و کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید خبریں