فارن انوسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ بارے مذاکرات کیلئے کینیڈین وفد آئندہ ہفتے پاکستان آئے گا،ڈینیئل آرسنالٹ

فارن انوسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ کے تیسرے مرحلہ کے مذاکرات کیلئے کینیڈین وفد آئندہ ہفتے پاکستان آرہا ہے تاکہ 2027ء تک اس کو حتمی شکل دی جاسکے۔ یہ بات کینیڈا کے ہائی کمیشن کے پولیٹیکل، اکنامک اینڈ کمرشل قونصلر مسٹرڈینیئل آرسنالٹ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی

فیصل آباد۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):فارن انوسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ کے تیسرے مرحلہ کے مذاکرات کیلئے کینیڈین وفد آئندہ ہفتے پاکستان آرہا ہے تاکہ 2027ء تک اس کو حتمی شکل دی جاسکے۔ یہ بات کینیڈا کے ہائی کمیشن کے پولیٹیکل، اکنامک اینڈ کمرشل قونصلر مسٹرڈینیئل آرسنالٹ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ دو طرفہ تجارت کے حجم کو پوٹینشل کے حوالے سے بہت کم قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے کینیڈا میں مقیم پاکستانی بہترین کردار اداکر سکتے ہیں کیونکہ وہ دونوں ملکوں کے لوگوں اور کلچر کو زیادہ بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کو برآمدات بڑھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر کو کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زرعی شعبہ میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ زرعی اجناس اور ڈیری سیکٹر کی جامع ترقی کیلئے کینیڈا پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تحقیق، ٹیکنالوجی اور ایجادات کی کمی نہیں تاہم اِن چیزوں کی کمرشلائزیشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا ماحول کے حوالے سے سمارٹ ٹیکنالوجی اور فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سرکلر سٹی قرار دینے کے سلسلہ میں بھی فیصل آباد چیمبر کی مدد کر سکتا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کے کردار پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کینیڈا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قریبی رابطوں کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سرکلر سٹی قرار دینے کے حوالے سے کینیڈا کے تکنیکی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ ہم دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں میں تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ مختلف اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد کو سرکلر سٹی قرار دینے کیلئے کینیڈا کے مالی اور تکنیکی تعاون کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد بھر پور تعاون کرے گا۔ آخر میں سوال و جواب کی نشست میں شہزاد احمد، شیخ محمد فاضل، مغیث کھوکھر، حمزہ یاسین، حنین حامد، جنید محمود بیگ اور این ٹی یو کے ڈاکٹر مزمل نے بھی حصہ لیا۔

آخر میں نائب صدر محمد یٰسین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر عارف احسان ملک نے مسٹرڈینیئل آرسنالٹ کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔