فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی راولپنڈی نے پاکستان کی بہترین وومن یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی راولپنڈی نے یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2026 میں پاکستان کی بہترین وومن یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ دنیا بھر کی وومن یونیورسٹیز میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی نے ’’سیٹنگ اینڈ انفراسٹرکچر‘‘ کیٹیگری میں دنیا بھر کی وومن یونیورسٹیز میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔

راولپنڈی۔26ستمبر (اے پی پی):فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی راولپنڈی نے یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2026 میں پاکستان کی بہترین وومن یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ دنیا بھر کی وومن یونیورسٹیز میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی نے ’’سیٹنگ اینڈ انفراسٹرکچر‘‘ کیٹیگری میں دنیا بھر کی وومن یونیورسٹیز میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔

یونیورسٹی نے ایشیا میں 358ویں جبکہ پاکستان کی سرکاری و نجی جامعات میں مجموعی طور پر 24ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ دنیا بھر کی 2016 جامعات پر مشتمل 2026 کی رینکنگ میں فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی نے مجموعی طور پر 612ویں پوزیشن حاصل کی جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔ یونیورسٹی نے 2023 میں 1183 جامعات میں 835ویں، 2024 میں 734ویں اور 2025 میں 663ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق رینکنگ میں مسلسل بہتری ماحول دوست پالیسیوں، پائیدار کیمپس اقدامات اور گرین انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

اس کامیابی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ یاسمین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کیو ای سی و فوکل پرسن برائے بین الاقوامی رینکنگز نوشین ناز کی کاوشیں شامل ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس نمایاں کامیابی پر تمام شعبہ جات اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں پائیدار اور ماحول دوست پالیسیوں، گرین انفراسٹرکچر اور معیاری تعلیمی ماحول کے فروغ کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔