فرسودہ ٹیکنالوجی ترک کر کے جدت پر مبنی معیشت اپنانا ناگزیر ہے، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے ملک میں پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے لیے کم ٹیکنالوجی اور کم لاگت پر مبنی صنعتی ڈھانچے سے فوری طور پر جدت، تحقیق اور ویلیو ایڈڈ سروسز پر مبنی معیشت کی جانب منتقلی پر زور دیا ہے۔ اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں کاشف …

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے ملک میں پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے لیے کم ٹیکنالوجی اور کم لاگت پر مبنی صنعتی ڈھانچے سے فوری طور پر جدت، تحقیق اور ویلیو ایڈڈ سروسز پر مبنی معیشت کی جانب منتقلی پر زور دیا ہے۔

اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان اب فرسودہ پیداواری ماڈلز پر انحصار جاری نہیں رکھ سکتا۔ عالمی اور علاقائی منڈیوں میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ڈیزائن انوویشن، تحقیق و ترقی اور ہنر مند انسانی وسائل کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تاہم انہیں مالی وسائل تک رسائی میں بہت زیادہ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے ایس ایم ایز کے لیے مالی سہولیات کی بہتری کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہدفی مالیاتی آلات، قرضوں کے حصول کے آسان طریقہ کار اور رسک شیئرنگ میکانزم متعارف کروانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ یہ ادارے اپنی پیداوار جدید خطوط پر استوار کر سکیں، نئی ٹیکنالوجی اپنا اور برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔

میاں کاشف اشفاق نے پاکستان کی نوجوان آبادی کو ایک قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو سستے مالی وسائل، مہارتوں کی تربیت اور کاروباری مواقع فراہم کیے بغیر معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ جدت اور ویلیو ایڈڈ سروسز پر مبنی معیشت کی جانب یہ منتقلی ملکی پیداوار میں اضافے، برآمدات کے فروغ اور پاکستان میں وسیع البنیاد و جامع معاشی ترقی کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔