اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے فروٹ مارکیٹ سیکٹر آئی الیون ۔4 اسلام آباد کے تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ چیمبر مارکیٹ کو درپیش تمام دیرینہ شہری، انفراسٹرکچر اور ٹریفک سے متعلق مسائل کے فوری اور مستقل حل کے لیے متعلقہ اداروں سے بھرپور انداز میں رابطہ کرے گا۔
فروٹ مارکیٹ کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں گے، طاہر ایوب

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے فروٹ مارکیٹ سیکٹر آئی الیون ۔4 اسلام آباد کے تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ چیمبر مارکیٹ کو درپیش تمام دیرینہ شہری، انفراسٹرکچر اور ٹریفک سے متعلق مسائل کے فوری اور مستقل حل کے لیے متعلقہ اداروں سے بھرپور انداز میں رابطہ کرے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز چیمبر ہائوس میں فروٹ مارکیٹ سیکٹر آئی الیون۔4 کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،جس کی قیادت مارکیٹ کے پیٹرن ان چیف چوہدری محمد ارشد کر رہے تھے۔ وفد میں ملک خضر اعوان (وائس چیئرمین)، چوہدری سفیان (ایگزیکٹو ممبر) اور چوہدری ارسلان اظہار (ممبر) بھی شامل تھے۔
وفد نے طاہر ایوب کو قائم مقام صدر آئی سی سی آئی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔وفد نے قائم مقام صدر کو فروٹ مارکیٹ کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی ڈبل روڈ کے ایک حصے کی بندش کے باعث دن بھر شدید ٹریفک جام رہتا ہے جس سے تاجروں، ٹرانسپورٹرز، خریداروں اور مارکیٹ آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کو فوری طور پر کھلوایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے۔وفد نے مزید بتایا کہ مارکیٹ کے دیگر مسائل اور بڑھتی ہوئی تجاوزات بھی تاجروں کے لیے سنگین مشکلات کا باعث بن رہی ہیں اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
وفد کے مسائل سنتے ہوئے طاہر ایوب نے کہا کہ فروٹ مارکیٹ اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں کو تازہ پھلوں کی بلا تعطل فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے اس مارکیٹ کے مسائل کا حل نہ صرف تاجروں بلکہ عوامی مفاد کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان تمام مسائل کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور انداز میں اٹھائے گا تاکہ ان کا عملی، فوری اور دیرپا حل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔طاہر ایوب نے مزید اعلان کیا کہ وہ ذاتی طور پر چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کا فروٹ مارکیٹ کا دورہ بھی ترتیب دیں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے اور تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی ڈبل روڈ کے بند حصے کو دوبارہ کھولنے سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔وفد کے اراکین نے قائم مقام صدر آئی سی سی آئی کی مثبت اور سنجیدہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں چیمبر تاجر برادری کے مسائل کے موثر حل کے لیے اپنا فعال کردار مزید مضبوط انداز میں جاری رکھے گا۔اس موقع پر نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس، چوہدری سہیل اور خواجہ امیر الحسن بھی موجود تھے۔








