محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کے کاشتکاروں کو فصل کی کٹائی کے بعد باقیات اور مڈھوں کو آگ لگانے سے سختی سے منع کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، سزا اور جرمانہ ہو سکتا ہے
فصل کی کٹائی کے بعد باقیات اور مڈھوں کو آگ لگانا سختی سے منع ہے،خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، سزا اور جرمانہ ہو سکتا ہے، محکمہ زراعت

مزید خبریں
ملتان ۔ 28 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کے کاشتکاروں کو فصل کی کٹائی کے بعد باقیات اور مڈھوں کو آگ لگانے سے سختی سے منع کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، سزا اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پنجاب ماحولیاتی تحفظ قوانین 2023 کی دفعہ 7 کے تحت دھان، گندم، مکئی، کماد اور دیگر فصلوں کی باقیات و مڈھوں کو آگ لگانا جرم ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبے کے بعض علاقوں میں دھان کی اگیتی کاشت فصل کٹائی کے لیے تیار ہے، اس لیے کاشتکار کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو ہرگز آگ نہ لگائیں۔
دھان کے مڈھوں کو جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں سموگ اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے، جو انسانی صحت اور زندگی کے لیے خطرناک ہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے ماحول کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ زمین میں موجود نامیاتی مادہ بھی متاثر ہوتا ہے، جس سے زمین کی زرخیزی پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ دھان کی کٹائی مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے سائنسی انداز میں کریں اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کریں تاکہ سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔







