فلسفی، ماہر قانون ، جج اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے فرزند ڈاکٹر جاوید اقبال کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

فلسفی، ماہر قانون ، جج اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے فرزند ڈاکٹر جاوید اقبال کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):فلسفی، ماہر قانون ، جج اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے فرزند ڈاکٹر جاوید اقبال کی برسی ہفتہ 3 اکتوبر کو منائی گئی۔ڈاکٹر جاوید اقبال 5 اکتوبر 1924 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے بی اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1954 میں انگریزی اور فلسفہ میں ایم اے کا امتحان اعزاز کے ساتھ پاس کیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی اور بارایٹ لا کیا۔ انہوں نے 1960 میں آسٹریا کے شہر کینبرا میں ایشیا میں آئین کا مستقبل کے مذکراہ میں بھی شرکت کیجبکہ تین مرتبہ اقوام متحدہ میں پاکستانی وفد کے رکن کی حیثیت سے بھی شریک ہوئے۔

ڈاکٹر جاوید اقبال 1961 میں امریکی حکومت کی دعوت پر امریکا کا دورہ کیا اور مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں میں ’’اقوام متحدہ کا مستقبل‘‘ پر لیکچر دیئے۔ ڈاکٹر جاوید اقبال 1965 میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور 1971میں لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ انہوں نے متعدد انگریزی اور اردو کتب بھی تحریر کیں۔

ان کی نمایاں تصنیفات میں خطبات اقبال، تسہیل و تفہیم،رضیہ سلطانہ (ڈراما)،افکار اقبال (تشریحات جاوید)،جہاں جاوید (دو جلدیں)،اپنا گریبان چاک (خود نوشت)،زندہ رود (سوانح اقبال)،شذرات فکر اقبال ،نظریہ پاکستان( انگریزی)،پاکستان اور اسلامی لبرل تحریک( انگریزی )،اسلام میں ریاست کا تصور : شخیص نو( انگریزی) اور اسلام اور پاکستان کی شناخت( انگریزی ) شامل ہیں۔ڈاکٹر جاوید اقبال کینسر کے باعث 3 اکتوبر 2015 کو لاہور میں انتقال کر گئے، ان کی برسی کے موقع پر علمی، ادبی، سیاسی اور قانونی حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا۔