فنانشل فراڈ اور آن لائن ہراسگی کے مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں، ڈی جی این سی سی آئی اے کی افسران کو ہدایت

ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے )سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ملتان سرکل میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سائبر کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے )سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ملتان سرکل میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سائبر کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے ، فنانشل فراڈ، خواتین اور بچوں کی سائبر ہراسانی اور سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جانے اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت ملتان سرکل میں افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان سرکل سمیت تمام ونگز کے انچارجز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان سرکل نے سرکل کی ماہانہ کارکردگی، شکایات کے ازالے کی شرح، اہم کامیابیوں اور درپیش انتظامی و تکنیکی چیلنجز پر ڈی جی کو تفصیلی بریفنگ دی جس پر انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فنانشل فراڈ، آن لائن ہراسمنٹ، خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے اور سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور ان میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈی جی نے مزید ہدایت کی کہ تفتیش کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، تمام شواہد کو ڈیجیٹل فرانزک بنیادوں پر مضبوط بنایا جائے تاکہ عدالتوں میں مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ انہوں نے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، میرٹ اور شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔

سید علی ناصر رضوی کا مزید کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے عوام کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لئے 24 گھنٹے کوشاں ہے۔ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں، سائبر مجرمان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سائبر سپیس کو ہر شہری کے لئے محفوظ بنایا جائے گا۔